کوئٹہ (بیورورپورٹ +آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے قائداعظم ریذیڈنسی پر حملے پر غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر سمیت ڈی پی او‘ ڈی ایس پی‘ ایس ایچ او اور قائد ریذیڈنسی کے دو گارڈز کو معطل کر دیا۔ بدھ کو وزیراعلیٰ بلوچستان نے قائد ریذیڈنسی پر حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر طاہر ندیم‘ ڈی پی او اصغر علی کو قائد ریذیڈنسی پر حملے پر غفلت برتنے پر معطل کردیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایس ایچ او زیارت اور ڈی ایس پی زیارت کے علاوہ قائد ریذیڈنسی کے دو گارڈز کو بھی معطل کر دیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ قومی اثاثوں کی حفاظت میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تاریخی اور قومی اثاثوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔