بورے والا میں مقیم اردو اردو اور پنجاب کے معروف شاعر ادیب محقق اور مترجم سید ناصر ہاشمی کی اردو غزلوں کے دو مجموعے ایک ہی سال میں شائع ہوئے۔ ’’کس سے دل کی باتیں کرتے‘‘ ان کا اولین اردو مجموعہ کلام ہے چند ماہ بعد ان کی غزلوں کا دوسرا مجموعہ ’’مجبوری کے بندھن سارے‘‘ شائع ہوا۔ سید ناصر ہاشمی کا شعری لب و لہجہ عام رویوں سے قطعی مختلف اور منفرد ہے۔ وہ گہری سے گہری بات بڑے سادہ اور سلیس لفظوں میں پوری معنویت کے ساتھ ادا کرنے کا سلیقہ اور ہنر جانتے ہیں۔ سید ناصر ہاشمی کی غزل ایک مختلف لہجے کی حامل ہے مگر اس میں شعری روایات کی چاندنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ فگن نظر آتی ہے۔ جہاں انہوں نے شعری روایات کی پاسداری کی وہاں نئے نئے موقوعات کو اپنی شاعری میں سموکر اردو شاعری کے دامن کو وسیع کرنے کی خدمت بھی انجام دی۔ انہوں نے زیادہ تر سادہ ترنم اور چھوٹی بحروں میں شاعری کی ہے۔ سید ناصر ہاشمی نے مخصو معاشرتی مسائل بے تربیتی، بے حسی، حرص و ہوس، بے لحاظی اور افراتفری کو بڑے لطیف انداز میں اپنی شاعری کا موضوع بنایا ہے۔ ان کے کئی اشعار اور مصرعے نفسیاتی اعتبار سے انسانی باطن کا تجزیہ کرتے نظر آتے ہیں اور انہی کیفیتوں سے کھیلتے گزرتے اچانک وہ کوئی ایسا نکتہ بھی بیان کر جاتے ہیں جس کا تعلق روحانیت سے ہوتا ہے۔ ان دونوں شعری مجموعوں کا دیباچہ اسلم کولسری نے لکھا ہے۔ دونوں کتابوں کی قیمت 120 روپے رکھی گئی ہے۔ ناشر ہیں۔فکشن ہائوس، پاک سٹریٹ 39 مزنگ روڈ لاہور۔ شاعر کا رابطہ نمبر 0321-6994778 (تبصرہ… تنویر ظہور)