جدہ (آن لائن) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کو کسی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں۔ پاکستان کی معیشت دن بدن مستحکم ہو رہی ہے۔ یہاں ایک انٹرویو میں ڈار نے مزید کہا کہ جو لوگ ہمارے ملک میں تماشا کر رہے ہیں انہیں کہوں گا کہ اس وقت پاکستان حالت جنگ میں ہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ سنجیدگی سے وطن عزیز کے متعلق سوچیں۔ کچھ افراد جو یہ پیش گوئی کرتے تھے کہ ملکی معیشت جون 2014 تک تباہ ہو جائے گی ان کی باتیں ہوا ہو چکی ہیں۔ پاکستان نواز شریف کی قیادت میں مثالی ترقی کر رہا ہے۔ آئی ڈی بی کانفرنس میں آنے والے مسلم وزراء کا بھی یہی کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان نے ہر میدان میں مثالی ترقی کی ہے جہاں تک ملکی استحکام کی بات ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ چند لوگ ذاتی مفادات کی خاطر ملکی سلامتی واستحکام سے کھیل رہے ہیں۔ حکومت بہتر طور پر کام کر رہی ہے اور اسے کام کرنے کا موقع دیں۔ اس وقت ملک جن حالات سے گزر رہا ہے کوئی محب وطن پاکستانی تخریبی باتوں کو پسند نہیں کرے گا۔ سعودی وزیر تجارت سے ملاقات کافی مفید رہی۔ متعدد امور پر اتفاق کیا گیا جن میں یہ طے پایا کہ ’’سعودی فنڈ‘‘ پاکستان کی ترقی کیلئے مزید فنڈ جاری کرے گا۔
حکومت کو کسی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں‘ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے: اسحاق ڈار
Jun 27, 2014