لاہور، جھنگ، ملتان (خبرنگار+ نامہ نگار + خاتون رپورٹر) ملتان میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے کیپٹن مرتضیٰ کا تعلق ایک فوجی خاندان سے تھا۔ ان کے والد میجر سعید اقبال اور ان کے دادا بھی پاک فوج میں ملکی سرحدوں کے محافظ رہ چکے ہیں۔ فروری 2014ء میں ان کی شادی ہوئی تھی۔ ان کے والد میجر سعید اقبال نے بتایا کہ ان کا شہید بیٹا دوستوں کا دوست، بے حد ہنس مکھ، بہادر اور سب سے گھل مل جانے والا تھا۔ ملتان سے خاتون رپورٹر کے مطابق شہید میجر محمد یاسر کے والد محمد ناصر نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے جمعہ کے روز شہید بیٹا آخری مرتبہ جھنگ اپنے ایک عزیز کی وفات پر جنازہ میں شرکت کے لئے آیا تھا۔ میجر یاسر کی 2010ء شادی ہوئی۔ شہید کے والد نے مزید بتایا کہ ان کے بیٹے نے حادثے سے قبل شام 8 بجکر 6 منٹ پر اپنے چچا سے گفتگو کی اور بتایا کہ وہ جمعرات کو وانا آپریشن پر جارہے ہیں۔ آخر میں انہوں نے چچا سے آپریشن کی کامیابی کے لئے دعا کرنے کی اپیل کی۔ واضح رہے میجر محمد یاسر نے 2001ء میں پی آئی اے اکیڈمی جوائن کی۔ پھر ایک سال کے لئے سیاچن آپریشن پر گئے۔
کیپٹن مرتضیٰ بہادر اور ہنس مکھ تھا: والد، میجر یاسر نے وزیرستان آپریشن کیلئے جانا تھا
Jun 27, 2014