کویت (عبدالشکور ابی حسن سے+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) کویت کے دارالحکومت کی ایک مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے میں کم سے کم 27 افراد جاں بحق اور 202 زخمی ہو گئے۔ خود کش دھماکہ امام صادق مسجد میں ہوا جو شہر کے مشرقی علاقے الصوابیر میں واقع ہے۔ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے منسلک ایک تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ خیال رہے کہ دولت اسلامیہ نے حالیہ دنوں میں ہمسایہ ممالک سعودی عرب اور یمن میں بھی اس طرح کے حملے کئے تھے۔کویت کے گورنر نے بتایا خود کش دھماکے میں 27 افراد ہلاک ہوئے، کویت کی پارلیمان کے ایک رکن اور اس حملے کے عینی شاہد نے بتایا کہ زوردار دھماکے کے وقت مسجد میں 2,000 افراد موجود تھے۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق دھماکے کے وقت کویت کے امیر اس جگہ سے گزر رہے تھے۔ کویتی وزارت داخلہ کے مطابق 27 افراد جاں بحق ہوئے۔ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونیوالے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کویتی وزیراعظم شیخ جابر المبارک الصباح کا کہنا ہے کہ یہ حملہ قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاہم یہ کام دشمنوں کیلئے بہت مشکل ہے اور ہم اس سے کہیں زیادہ طاقتور ہیں۔ ریاستی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ کویت امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ انسانیت سوزی کی انتہاہوگئی۔ اس حادثہ میں جان بحق کویتی میرے بچے تھے مجھے انتہائی دکھ ہوا ہے جنہوںنے یہ کارروائی ہے کہ انکے پیچھے افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹاجائیگا ۔کویت ایک پرامن ملک ہے جہاں ہر مذہب عقیدے کو اپنی مذہبی رسومات مکمل آزادی ہے ہم نے ہمیشہ فرقہ واریت کی مذمت کی ہے۔ کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح، وزیراعظم شیخ جابرالمبارک الصباح، وزیر داخلہ شیخ محمد خالد الصباح نے اس سانحہ میں زخمیوں کی الامیری ہسپتال میں عیادت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔ پاکستان کی طرف سے کویت کی مسجد میں حملے کی مذمت کی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اﷲ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کویت کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونیوالے جان لیوا دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ پاکستانی عوام اور حکومت اس حملے میں جاںبحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کو جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ پاکستان کویتی حکومت سے ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں مسجد میں ہونے والے اس حملے پر افسوس کا اظہار کرتا ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کے اپنے عزم کو دہراتا ہے۔ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے کویت میں مسجد پر خودکش حملے اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔