اسلام آباد (آئی این پی) نیپرا نے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج بجلی کے صارفین سے وصول کرنے کی اجازت دیدی۔ جمعہ کو نیپرا ذرائع کے مطابق سرچارج کی مد میں صارفین سے مجموعی طور پر 11 ارب روپے وصول کئے جائیں گے۔ سرچارج کی وصولی جنوری 2013 سے اپریل 2015 تک کے لئے ہوگی۔ صارفین سے سرچارج ہر ماہ کے بل میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں لیا جائے گا۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 1روپے 86 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری بھی دیدی‘ قیمت میں کمی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔ جمعہ کو سی پی پی اے کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں 2روپے 62 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی نیپرا میں سماعت ہوئی۔ سی پی پی اے نے قیمت میں 2.62 روپے یونٹ کمی کا کہا تھا۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اپریل کیلئے ایک روپے چھیاسی پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج کی وجہ سے 76 پیسے فی یونٹ کا ریلیف عوام کو نہ مل سکا۔ نیپرا حکام کے مطابق اپریل میں بجلی کی پیداواری لاگت 6 روپے 30پیسے فی یونٹ رہی جبکہ اپریل میں صارفین سے 8روپے 92 پیسے فی یونٹ وصولی کی گئی۔