واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکہ میں اوباما انتظامیہ نے حکمران ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان کی جانب سے دیئے گئے دھرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افراد اپنے اظہار رائے کا حق استعمال کر رہے تھے اور آواز پہنچانے کیلئے پرامن مظاہرہ کر رہے تھے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک صحافی کی جانب سے رواں ہفتے کے آغاز میں حکومتی ارکان کانگریس کی جانب سے ایوان نمائندگان کی جانب سے تیسری دنیا کے ممالک جیسے دھرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا جمہوریت ڈرامائی انداز بھی اختیار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا ہم دنیا بھر میں جمہوری آزادی کی بات کرتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں اظہار رائے کی آزادی اور اپنی آواز دوسروں تک پہنچانے کی صلاحیت اہمیت کی حامل ہے۔ خیال رہے 22 جون بدھ کے روز کانگریس کے رکن جان لیوس کی سربراہی میں ایک روز کیلئے دھرنا دیا گیا تھا۔ یہ افراد گن کنٹرول کیلئے قانون سازی کی حمایت میں دھرنا دے رہے تھے۔
ڈیموکریٹک ارکان دھرنا دیکر آزادی اظہار کا حق استعمال کر رہے تھے: اوباما انتظامیہ
Jun 27, 2016