بیجنگ (آئی این پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر کام شروع ہونے کے بعد چینی اور پاکستانی عوام کے درمیان رابطوں میں بڑی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، حالیہ برسوں میں پاکستان آنے والے چینی شہریوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے جو یہاں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں کام کرنے کے لئے آرہے ہیں ۔ایک اندازے کے مطابق اس منصوبے کے باعث چینی شہریوں کی پاکستان آمد میں سو فیصد اضافہ ہو گیا ہے ، چینی کارکن اور کارباری شخصیات کی آمد میں تیزی چینی صدر شی جن پنگ کے گذشتہ سال دورہ پاکستان کے بعد شروع ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار یہاں پاکستانی سفارتخانے کے ایک اعلیٰ سفارتکار نے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر نے چین اور پاکستان کی اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے ، پاکستان اورچین کے درمیان اس سلسلے میں بیس سے زیادہ معاہدوں اور مفاہمت کی دستاویزات پر دستخط ہوئے ہیں جن کے باعث دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں میں بڑی تیزی سے اضافہ ہوا ہے ،اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت چینی کمپنیوں نے پاکستان میں جہاں اپنا کاروبار شروع کر دیا ہے وہاں چینی حکومت نے چین میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی نوجوانوں کے لئے اضافی مواقع بھی فراہم کئے ہیں۔