سرینگر (آن لائن )مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی مقامی تنظیم وائس آف وکٹمز نے کہا ہے کہ علاقے میں بھارتی فوج کے تشدد کا نشانہ بننے والے دس لاکھ افراد موجود ہیں جن میں سے 95 فیصد عام شہری ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وائس آف وکٹمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالقدیر نے سرینگر میں ایک بیان میں تنظیم کی طرف سے کرائے گئے سروے کے اعدادو شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں ذہنی تشدد کا نشانہ بننے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج ، نیم فوجی دستے اور پولیس کسی قانونی، اخلاقی اور سیاسی دبائو کے بغیر کاروائیاں کررہے ہیں اس لیے وہ خود کو کسی کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے اور شہریوں پر تشدد کایہ سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔ عبدالقدیر نے افسوس ظاہر کیا کہ کشمیر میںلوگوں پر تشدد کو اجاگر کرنے کے لیے کوئی بین الاقوامی تنظیم کام نہیں کررہی۔