لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق قومی کھلاڑی نجم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کے دور رس نتائج نکلیں گے، قومی کھیل کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ امریکہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے نجم نواز کا کہنا تھا کہ قومی کھیل جس پستی میں چلا گیا تھا اسے فائیو اے سائیڈ مختصر فارمیٹ ٹورنامنٹ کی اشد ضرورت تھی۔ شہباز احمد سینئر پاکستان ہاکی کا ایک بڑا نام ہے جو جدید ہاکی کو سمجھتا ہے۔ رواں سال پاکستان جونیئر ٹیم نے ورلڈ کپ میں شرکت کرنی ہے لہذا اب ضرورت اس امر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ توجہ جونیئر ٹیم کی تیاری پر دی جائے۔ فیڈریشن نے قومی کھیل کی ترقی کے لیے ڈویلپمنٹ کا شعبہ بھی متعارف کرایا ہے جو ضروری تھا۔ پاکستان ہاکی درست سمت میں جا رہی ہے غلطیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل کو روشن بنانا ہوگا۔ فیڈریشن کے ساتھ تجربہ کار اولمپیئن موجود ہیں امید ہے کہ ان کی مدد سے پاکستان ہاکی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔