طیب اردگان کی تاریخی فتح سے اسلامی تحریکوں اور اسلام پسندوں کونیا حوصلہ ملے گا،عارف شیرازی

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ ) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗ جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان ٗنائب اُمراء سید عزیر حامد ٗرضا احمد شاہ ٗشیخ مسعود احمد ٗرضوان احمد ٗ ڈاکٹر کاشف شیخ ٗ قاضی محمد جمیل ٗ ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عثمان آکاش ٗ راجہ ممتاز حسین ٗطارق رضا ٗ بختیار الحق کیانی اور سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم نے ترکی کے صدارتی انتخابات میں عظیم الشان کامیابی پر طیب اردگان اور ان کی پارٹی کو دلی مبارک باد دی ہے۔اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ترکی کے عوام نے اسلام مخالف عناصر ٗ سیکولر حلقوں اور مغربی میڈیا کی تمام ترسازشوں اور مخالفت کے باوجودحق ٗسچ اور خدمت کو ووٹ دیا ہے۔ بلا شبہ طیب اردگان نے ترکی کو عظیم سے عظیم تر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیب اردگان اپنی جرآت اور صافی گوئی کی وجہ سے عالم اسلام کا سب سے مقبول ترین لیڈر ہے۔طیب اردگان مسلم اُمہ کا فخر ہے۔ فلسطین ٗ کشمیر ٗ برما اور کہیں بھی مسلم اقلیت پر ظلم اور زیادتی ہو تو طیب اردگان ان کی حمایت میں سینہ سپرہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیب اردگان وہ واحد مسلمان حکمران ہے کہ جو امریکا ٗ یورپ اور اسرائیل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ طیب اردگان کو ہر ملک میں عزت اور احترام سے دیکھا جاتا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ترکی میں طیب اردگان کی تاریخی فتح سے دُنیا بھر کی اسلامی تحریکوں اور اسلام پسندوں کونیا حوصلہ ملے گا۔ ان شا اللہ پاکستان میں بھی دینی جماعتوںکا ملک گیر اتحاد متحدہ مجلس عمل کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن