تذلیل ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج لاڑکانہ نے استعفیٰ دیدیا، نہیں ملا: ذرائع سندھ ہائیکورٹ

لاڑکانہ (نوائے وقت نیوز+ این این آئی) لاڑکانہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گل ضمیر سولنگی نے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے استعفے میں لکھا ہے چیف جسٹس کے دورہ سے میری تذلیل ہوئی۔ این این آئی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گل ضمیر سولنگی کی جانب سے استعفیٰ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کو بھجوایا گیا۔ جج گل ضمیر سولنگی کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں، میں اپنی نوکری جاری نہیں رکھ سکتا لہٰذا استعفیٰ دے رہا ہوں۔ دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے لاڑکانہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گل ضمیر سولنگی کا استعفیٰ موصول ہونے کی تردید کر دی۔ ہائی کورٹ آفس ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج اپنا استعفیٰ سیشن جج کو ارسال کرتا ہے اور متعلقہ سیشن جج پیش کردہ استعفیٰ پر کارروائی کر سکتے ہیں۔ ہائی کورٹ آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر چلنے والا استعفیٰ سادہ کاغذ پر ہے لہٰذا سادہ کاغذ اور غیر متعلقہ فارم کے ذریعے استعفیٰ پر کارروائی نہیں کر سکتے۔

ای پیپر دی نیشن