پشاور(بیورورپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماسینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی ملک کی واحد سیاسی پارٹی ہے کہ جس نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کیخلاف فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ جنگ لڑی ہے اور 10 ہزار پارٹی کارکنوں سمیت صوبائی اسمبلی کے ممبران اور اپنے سینئر وزیر بشیر احمد بلور کی جان کا نذرانہ پیش کرکے ملک کی سلامتی اور بقا کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی حکومت نے صوبہ میں تعلیم ٗ صحت ٗصوبائی خود مختاری اور سب سے بڑھ کرصوبہ کو اس کی پہچان اور نام دینے کیلئے جو گرانقدر خدمات انجام دی ہیں اس کی مثال صوبے کی سیاسی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کی سابق حکومت نے حالت جنگ میں بھی 9یونیورسٹیاں ٗ 13 کالجز ٗ ہسپتال ٗپشاور میں پلوں کی تعمیر سمیت میگاپراجیکٹس اور صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جبکہ تحریک انصاف کی سابق صوبائی حکومت نے عوامی نیشنل پارٹی کی سابق حکومت کی جانب سے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں کو نہ صرف سبوتاژ کیا اور ہماری حکومت کے منصوبوں کو اپنا نام دیکر سیاسی مقاصد حاصل کئے ۔ صوبے کو جتنا نقصان تحریک انصاف کی حکومت اور عمران نیازی اینڈ کمپنی نے پہنچایا ہے اتنا کسی حکومت نے نہیں پہنچایا۔
حکومتوں کی کارکردگی، سینیٹر الیاس بلورکاجہانگیر ترین اور شاہ محمود کو ٹی وی چینل پر مناظرہ کا چیلنج
Jun 27, 2018