بنوں(نامہ نگار) شمالی وزیرستان قومی اسمبلی کے اُمیدوار اورقبائلی عمائدین نے اسی سال فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات نہ کرانے پر بائیکاٹ اور پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا دینے کی دھمکی دیدی۔ شمالی وزیرستان حلقہ پی کے 48 کے آزاد اُمیدوار حاجی محمد اقبال خان وزیر نے مشران کے ہمراہ بنوں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمشن کی جانب سے فاٹا میں ایف سی آر کے قانون کے خاتمے اورفاٹاکے خیبر پی کے سے انضمام کے بعد صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات نہ کرانے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں ایک سال بعد صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات سے یہاں کے منتخب نمائندوں صوبائی اسمبلی کے سپیکر اور وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حصہ لینے سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ خیبر پی کے میں شامل قبائلی عوام کے ساتھ امتیازی سلوک فوراً بند کیا جائے سپریم کورٹ ، الیکشن کمشن اور نگران حکومت اس اہم مسئلے پر غور کریں اور 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ہمارے علاقوں میں بھی صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات کرائیں بصورت دیگر ان علاقوں میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات کا بھی بائیکاٹ کریں گے اور پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں بھی تاریخی دھرنا دیں گے ۔
شمالی وزیرستان، قومی اسمبلی کے اُمیدوار اورقبائلی عمائدین کی صوبائی الیکشن نہ کرانے پر بائیکاٹ کی دھمکی
Jun 27, 2018