لاہور (کلچرل رپورٹر) معروف نغمہ نگار حزیں قادری کی صاحبزادی عاصمہ قادری اور بیٹے انعام قادری نے کہا ہے کہ کامیڈین ندیم برال نے نجی ٹی وی چینل میں کہا ہے کہ وہ حزیں قادری کا پوتا ہے۔ ان کا یہ کہنا بالکل غلط ہے۔ ان کا حزیں قادری کی فیملی سے کوئی تعلق نہیں ہے لہٰذا ندیم برال اس بات کی فوری تردید کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ٹی وی پر فلمی گیت دکھانے کے دوران نغمہ نگار کا نام نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ عید کے پروگرام میں بھی گلوکار مسعود رانا کے شاعر ہمارے والد تھے لیکن وہاں غلط نام دیا گیا جو قابل افسوس ہے۔ اکثر نئے گلوکار ری مکس کی آڑ میں ہمارے والد حزیں قادری مرحوم کے سپرہٹ گیت جن میں ’’سیونی میرا ماہی میرے بھاگ جگاون آ گیا، کہندے نیں نیناں اور سیونی میرے دل دا جانی‘‘ شامل ہیں کا حلیہ بگاڑ چکے ہیں۔ انہوں نے ہم سے اجازت بھی نہیں لی۔ ہم قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ حزیں قادری کی سوانح عمری اور ان کے گانے کتاب کی شکل میں جلد شائع کئے جائیں گے اور ان کے نام سے بنائی جانے والی فاؤنڈیشن سے حزیں قادری ایوارڈ بھی جاری کیا جائے گا۔ عاصمہ قادری نے کہا کہ میں اپنے والد مرحوم کی فلم ’’باؤجی‘‘ کا ری میک بنانے کی تیاریاں بھی کر رہی ہوں۔