لاہور (سپورٹس رپورٹر )فیفا ورلڈ کپ فٹ بال 2018 میں گروپ سی کے فیصلہ کن میچز کھیلے گئے ، جہاں فرانس اور ڈنمارک کا مقابلہ صفر ،صفر سے برابر رہا تاہم آسٹریلیا کو پیرو کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست ہوگئی ہے۔روس میں جاری عالمی کپ فٹ بال 2018 میں گروپ سی کا فیصلہ ہوگیا جہاں فرانس اور ڈنمارک کی ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا اورمیچ کے اختتام تک دونوں ٹیموں کی جانب سے سے کوئی گول اسکور نہ ہوسکا۔ڈنماک گروپ سی میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اس لیے میچ برابر ہونے کے بعد بھی وہ گروپ کی ٹاپ ٹیم فرانس کے ساتھ بیسٹ آف 16 کے لیے کوالیفائی کرگئی۔گروپ سی کا دوسرا میچ میں جو آسٹریلیا اور پیرو کے درمیان کھیلا گیا ، اس میں اگر کینگروز فاتح ہوتے تو ڈنمارک اور آسٹریلیا کے پوائنٹس برابر ہوجاتے اور اگلے رائونڈ میں جانے کا فیصلہ گزشتہ میچز کی پرفارمنس پر ہوتا لیکن ڈنمارک خوش قسمت رہی اور پیرو نے آسٹریلیا کو شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹی تاہم پیرو اور آسٹریلیا اب عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہیں‘پیرو کی چالیس سال میں ورؒلڈ کپ میں کامیابی تھی۔فرانس اور ڈنمارک کے میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور ایک دوسرے کے گول پر زبردست حملے بھی کئے گئے تاہم دونوں ہی ٹیموں نے اپنے گولز کا دفاع بھی خوب کیا اور کوئی گول سکور ہونے نہ دیاتاہم میچ کے 48 ویں منٹ میں ڈنمارک کے متھائیس جرگنسن کو فرانسیسی گریزمین سے الجھنے پر ریفری نے وارننگ کے طور پر پیلا کارڈ دکھایا۔گروپ سی کے دوسرے میچ میں پیرو نے آسٹریلیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 2 گول سے شکست دی ، پیرو نے پہلا گول 18 ویں منٹ میں سکور کیا جو آندرے کیریلو کی جانب سے کیا گیا جبکہ 50ویں منٹ میں پیرو کے پائولو گریرو نے دوسرا گول سکور کرکے 0-1 کی برتری کو 0-2 کردیا اور آسٹریلیا کے دوسرے رائونڈ میں جانے کے خواب کو چکنا چور کردیا۔میچ کے 10ویں منٹ میں کینگروز کے مائل جیدیناک، 45ویں منٹ میں پیرو کے یوشیمر یوتن، 60ویں منٹ میں آسٹریلوی ڈینئل آرزانی ، 66ویں منٹ میں پھر آسٹریلیا کے ٹام روجک اور پھر آخر میں پیرو کے مارک میلیگن کو 88ویں منٹ میں ریفری کی جانب سے وارننگ کے طور پر پیلے کارڈ دکھائے گئے تھے۔گروپ ڈی میں کروشیا نے آئس لینڈ کو دو ایک سے شکست دیدی ۔ شکست کے بعد آئس لینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ سے باہر ہو گئی ۔ فاتح ٹیم پہلے ہی پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے ۔ ارجنٹائن نے نائیجیریا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنالی ۔ ارجنٹائن نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی سمیٹی ۔ فاتح ٹیم کی طر ف لیونل میسی اور روجو نے ایک ایک گول کیا ۔ ناکام ٹیم کی طرف سے واحد گول موسی ٰ نے کیا ۔