لاہور(پ ر) ملک میں نئے آبی ذخائر کی تعمیر وقت کی فوری اور اہم ضرورت ہے۔ بھارت پاکستان آنے والے دریاؤں پر ڈیم بنا کر ہمارا پانی روک رہا ہے‘ جس سے نہ صرف پاکستان کی زراعت تباہ اور اراضی بنجر ہو جائے گی عوام پینے کے پانی تک سے محروم ہو جائیں گے‘ بھارت کی اس آبی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں قومی سطح پر فوری لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا قومی و علاقائی سطح پر ہمیں نئے آبی ذخائر بنانا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار جنوبی پنجاب صوبہ محاذکے صدر و تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم خسرو بختیار نے اپنی رہائش گاہ پر علاقہ کے مختلف وفود سے کیا۔ کالا باغ ڈیم جیسا منصوبہ متنازعہ ہو چکا ہے بھاشا ڈیم کی تکمیل بھی تاحال تاخیر کا شکار ہے۔ ہمیں ملکی مفاد میں اکٹھے ہو کر پانی کی قلت کیلئے فوری اقدام اٹھانا ہوں گے۔ تحریک انصاف برسر اقتدار آکر بھارتی آبی دہشت گردی کا بھی بھرپور جواب دے گی اور نئے آبی ذخائر پر ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی۔ہم پاکستان کی زمینوں کو بنجر نہیں ہونے دیں گے۔ رحیم یار خان میں تحریک انصاف کا مقابلہ پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ ن لیگ کا دور دور تک وجود نہیں، 25 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کی بھر پور حمایت اور ہماری سیاسی حکمت عملی کی وجہ سے ضلع کے 6 قومی اور 13 صوبائی نشستوں پر کامیابی حاصل کرینگے۔