اسلام آباد(آئی این پی)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے شجاعت بخاری کی شہادت کے بعد سے جدوجہد آزادی کشمیر میں تیزی آگئی ہے جس سے بھارتی حکومت پریشانی کا شکار ہے،پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا،پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے، بین الاقوامی دنیا بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اب آواز اٹھا رہی ہے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں شہید شجاعت بخاری کی یاد میںمنعقد کیے گئے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا شجاعت بخاری ایک نڈر اور بہادر صحافی تھے جنہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے بہت کام کیا۔ شجاعت بخاری کا قصور یہ تھا انہوںنے اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر رپورٹ کو ٹویٹ کیا جس پر انہیں شہید کر دیا گیا۔ بھارتی جماعت بی جے پی کے سیاستدان کھلے عام کشمیری عوام کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان کے خاندانوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شجاعت بخاری کے خاندان سے ان کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر رپورٹ کا جاری کیا جانا اس امر کا اشارہ ہے بین الاقوامی دنیا کی آنکھیں بھارتی مظالم کے خلاف اب کھل رہی ہیں ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے جو مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھی قبول ہو۔
شجاعت بخاری کی شہادت سے جدوجہد آزادی کشمیر میں تیزی آئی، بھارت پریشان ہے: دفتر خارجہ
Jun 27, 2018