واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی ڈاٹ کام) امریکی سپریم کورٹ نے صدر ٹرمپ کے سفری پابندیوں کے فیصلے کی توثیق کر دی۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی سپریم کورٹ بنچ کے 5 میں سے 4 ارکان نے فیصلے کی توثیق کی۔امریکی صدر ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ امریکی عوام اور آئین کی عظیم فتح ہے۔ صدر ٹرمپ نے 5 اسلامی مممالک سمیت سات ممالک پر سفری پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ ریاست ہوائی اور دیگر افراد نے ٹرمپ انتظامیہ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ایران، لیبیا، صومالیہ، شام، یمن، شمالی کوریا، وینزویلا پر سفری پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ عدات نے فیصلے میں لکھا ہے کہ امریکی انتظامیہ کے قومی سلامتی کے حوالے سے خدشات جائز ہیں۔ امریکی سرحد کے ایک سکیورٹی سربراہ نے کہا ہے کہ بچوں کے ساتھ غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے والے تارکین وطن کے خلاف مقدموں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی) کے کمشنر کیون میک الینن نے ٹیکساس میں میڈیا کو بتایا کہ ان مقدموں کو گذشتہ ہفتے معطل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے صدر ٹرمپ کے ایک حکم کے بعد یہ پیشرفت ہوئی ہے جس میں انہوں نے تارکین وطن خاندانوں کو علیحدہ کرنے سے روکنے کی بات کہی ہے لیکن صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ غیر قانونی طور پر امریکہ آنے والے خاندانوں کو ایک ساتھ حراست میں رکھا جائے گا۔ ریپبلیکن صدر کو گذشتہ بدھ کو عوام کے دباؤ کے سامنے جھکنا پڑا اور انہوں نے خاندانوں کو ایک ساتھ حراست میں رکھنے کا ایگزیکٹو حکم نامہ جاری کیا تھا۔ حکومت اب تک2 ہزار سے زائد بچوں کوان کے والدین سے ملانے سے قاصر رہی۔
سفری پابندیاں : امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کے فیصلے کی توثیق کردی
Jun 27, 2018