پشاور(بیورورپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماسینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی ملک کی واحد سیاسی پارٹی ہے کہ جس نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ جنگ لڑی ہے اور 10 ہزار پارٹی کارکنوں سمیت صوبائی اسمبلی کے ممبران اور اپنے سینئر وزیر بشیر احمد بلور کی جان کا نذرانہ پیش کرکے ملک کی سلامتی اور بقاء کو یقینی بنایا۔حالت جنگ میں بھی 9یونیورسٹیاں ٗ 13 کالجز ٗ ہسپتال ٗپشاور میں پلوں کی تعمیر سمیت میگاپراجیکٹس اور صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا۔ انہوںنے کہاکہ اس صوبہ کو جتنا نقصان تحریک انصاف کی حکومت اور عمران نیازی اینڈ کمپنی نے پہنچایا ہے اتنا کسی حکومت نے نہیں پہنچایاانہوں نے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کو عوامی نیشنل پارٹی اور تحریک انصاف کی حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ کرنے کیلئے ٹی وی چینل پر مناظرہ کا چیلنج بھی دیا اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ کسی بھی چینل پر بیٹھ کر مناظرہ کرلیںتاکہ پوری قوم کو تحریک انصاف کی تبدیلی کا اصل چہرہ دکھایا جائے ۔