منشیات کیخلاف شعور اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار اہم ہے:وزیراطلاعات پنجاب

Jun 27, 2019

لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں میڈیا سے زیادہ کوئی ادارہ موثر کردار ادا نہیں کر سکتا۔ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لئے ہمیں اپنے تعلیمی نظام میں غیرنصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بھرپور طریقے سے فروغ دینا ہو گا۔ منشیات کی لعنت کے خاتمے میں عام آدمی سے لے کر حکومت تک ہر ایک کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال میں یوم انسداد منشیات کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام گلوبل ویلفیئر آرگنائزیشن نے کیا تھا۔ تقریب سے صوبائی وزیربہبود آبادی کرنل ہاشم ڈوگر، ایم پی اے مسر سیمابیہ اور آرگنائزر ڈاکٹر ظفر اقبال میو نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سول سوسائٹی نیٹ ورک برائے انسداد منشیات کے ارکان سے صوبائی وزیر اطلاعات نے حلف بھی لیا۔ اپنے خطاب میں سید صمصام بخاری نے کہا کہ کسی بھی مسلمان معاشرے میں منشیات کا وجود ناقابل قبول ہے۔ لیکن پاکستانی معاشرے کی بدقسمتی ہے کہ یہاں پر یہ لعنت نہ صرف موجود ہے بلکہ بعض اوقات اس علت سے بحالی کا عمل بھی ہمارے ہاں گناہ سمجھا جاتا ہے۔

مزیدخبریں