قاہرہ(این این آئی)مصری فوج نے شمالی سیناء میں العریش شہر میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پردہشت گردوں کے تین حملے ناکام بنا دئیے۔ اس دوران جھڑپوں میں 11جنگجواورتین سیکورٹی اہلکار بھی ہلاک جبکہ 7 کو گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی کے بعد بعض شدت پسند بھاگ گئے۔ ان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز علی الصبح دہشت گردوںنے ایک ساتھ تین مقامات پر چیک پوسٹوں پرحملے کیے جنہیں مصری فوج نے پسپا کردیا۔مقامی قبائلی ذریعے نے بتایا کہ العریش کے وسط میں مسلح عسکریت پسندوںنے تین مقامات سدالوادی، المعہد اور پرانے پارکنگ سٹینڈ پر چیک پوسٹوں کو حملوں کا نشانہ بنایا۔ تاہم فوج نے عسکریت پسندوںکے حملے ناکام بنا دئیے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جسکے نتیجے میں11 شدت پسند ہلاک ہوگئے جب کہ 7 کو گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی کے بعد بعض شدت پسند بھاگ گئے۔ ان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق العریش میں دہشت گردوں کے حملے میں تین سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے اور15 زخمی ہوئے۔