اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ٹیلی نار گروپ کے ایمرجنگ ایشیا کلسٹر کے سربراہ اور ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او عرفان وہاب خان نے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن کے ذریعے زندگی کے مختلف شعبوں میں ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے ۔ یہ بات انہوں نے شنگھائی میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) میں ’ پائیونیرز آف انٹیلی جنٹ کنیکٹیویٹی‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل برتھ رجسٹریشن کے ذریعے بنیادی شہری حقوق کی فراہمی اور بینکنگ خدمات سے محروم افراد کو موبائل فنانشل سروسزتک رسائی بھی ممکن ہوئی ہے۔ انھوں نے خاص طور پر بنگلہ دیش کے Tonic، میانمار کے WaveMoney اور تھائی لینڈ کے Smart Farmers جیسے جدید موبائل بیسڈ سلوشنز کے کردار اور اثرات پر روشنی ڈالی جو کہ ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز، رقوم کی محفوظ طور پر منتقلی اور IoT فارمنگ سلوشنز کی لاکھوں افراد تک سروسز فراہم کر رہے ہیں ۔ پاکستان میں ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک اور ملائیشیا کے Valyou کے مابین شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں سب سے پہلے بلاک چین پر مبنی کراس بارڈر ریمی ٹینس سروس متعارف کرائی گئی جو صنعت کی معروف بلاک چین ٹیکنالوجی کی حامل ہے ۔ عرفان وہاب خان نے کہا کہ موبائل کنیکٹیویٹی اور انٹرنیٹ ہمارے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ موبائل ورلڈ کانگریس شنگھائی 2019ء میں مستقبل کی ٹیکنالوجیز پر توجہ مرکوز کی گئی ،جس میں 5G، IoT، اے آئی، بگ ڈیٹا، بلاک چین اور اس سے بھی آگے کی چیزیں شامل ہیں۔ عرفان وہاب خان نے ٹیکنالوجی کے عالمی رہنمائوں، شراکت داروں اور ٹیکنالوجی کے موجدین سے ملاقاتیں کیں اور ان سے ٹیکنالوجی کی دنیا میں تعاون بڑھانے اور مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
موبائل کنیکٹیویٹی اور انٹرنیٹ ہمارے دور کی بڑی ضرورت ہے:عرفان وہاب
Jun 27, 2019