سابق امیر جماعت اسلامی منور حسن انتقال کرگئے، نماز جنازہ آج ہوگی

Jun 27, 2020

کراچی/ لاہور/ اسلام آباد ( نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ‘ خصوصی نامہ نگار‘ وقائع نگار خصوصی‘ اے پی پی) جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن طویل علالت کے بعد حرکت قلب بند ہو جانے سے 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ منور حسن کافی عرصے سے بیمار تھے‘ تاہم طبیعت زیادہ خراب ہونے پر گزشتہ کئی روز سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ اس دوران انہیں کچھ دن کیلئے وینٹی لیٹر پر بھی منتقل کیا گیا تھا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے سید منور حسن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تقریباً 20 روز سے کراچی کے امام کلینک میں زیرعلاج تھے۔ ان کی نماز جناز آج بروز ہفتہ نمازظہر عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں ادا کی جائے گی اور نمازظہر ڈیڑھ بجے گراؤنڈ میں ہی ہوگی جبکہ تدفین سخی حسن قبرستان میں کی جائیگی۔سندھ اسمبلی میں مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت کی قرارداد پیش کی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی‘ شہباز شریف‘ آصف زرداری‘ شاہ محمود قریشی‘ وزیرتعلیم و محنت سندھ سعید غنی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے سید منور حسن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اہظار کرتے ہوئے کہا کہ سید منور حسین کی لازوال سیاسی اور مذہبی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے اپنے پسماندگان میں بیوہ محترمہ عائشہ منورسابق رکن قومی اسمبلی و سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی خواتین، بیٹے طلحہ منور،بیٹی فاطمہ منور، دو بھائیوںسید شفیق حسن ، سید ارشاد حسن اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے تحریک اسلامی کے لاکھوں کروڑوںکارکنوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے قوم سے اپیل کی ہے کہ سید منور حسن کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے دوران سفر اور نماز جنازہ میں کرونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کی جائے ، منہ پر ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔ سربراہ مرکزی جمعیت اہلحدیث سینیٹر علامہ ساجد میر نے سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ سید منور حسن اسلام پسند اور محب وطن رہنما تھے انہوں نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی کیلئے آواز بلند کی۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ فضل الرحمان نے جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سید منور حسن اسلام اور ملک وقوم کے بے باک ترجمان تھے انہوں نے کہا کہ سید منور حسن کے ساتھ کافی اکٹھے گزرا وہ خوش اخلاق مزاج کے مالک تھے انہوں نے وطن عزیز میں اسلامی نظامی کے نفاذ کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں جو ہمیشہ یاد رکھیں جائیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے سابق امیر جماعت اسلام سید منور حسن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے سید منور حسن کی وفات کو ملک و قوم کیلئے ناقبال تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم سید منور حسن متحرک اور انقلابی شخصیت تھے انہوں نے ملک و قوم کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔سلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر بر اہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے سید منور حسن کے انتقال پر انکے اہل خانہ اور جماعت اسلامی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید منور حسن باعمل تر ین شخصیت اور امن وخلوص کے پیکر تھے انکی وفات ملک اورملت اسلامیہ کا بہت بڑا نقصان ہے انکی دین اسلام کے لیے خدمات کو بھی تاقیامت یا درکھا جائیگا۔ جماعت اسلام ضلع اسلام آباد کے مطابق سید منور حسن کی غائبانہ نماز جناز آج ہفتہ کو شام 6 بجے ایچ الیون قبرستان اسلام آباد میں ادا کی جائے گی موجودہ حالات کے تناظر میں صحت کے تمام حفاظتی امور کا خیال رکھا جائیگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جماعت الامی کے سابق امیر سید منور حسن کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سید منور حسن کی دینی اور سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید منور حسین جیسے اجلے لوگ معاشرے کا حسن ہوتے ہیں سید منظور حسن نے اصول پسندی کی سیاست کو پروان چڑھایا۔ سابق وزیر خارجہ میاں خورشد محمود قصوری نے سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کی وفات پرگہرے رنج وغم کا اظہار کیا ھے انہوں نے تعذیتی بیان میں کہا مرحوم کی دینی اور سیاسی خدمات کو یاد رکھا جاے گا اللہ تعالہ سید منور حسن کو جوار رحمت میں جگہ رے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امیر جماعت اسلامی سراج الحسن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے سید منور حسن کے انتقال پر تعزیت کی۔

مزیدخبریں