اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمدعلی کی قیادت میں چیمبر کے وفد نے جمعہ کو سینٹورس مال کا دورہ کیا اور مذہبی متبرکات و نوادرات کی نمائش کا مشاہدہ کیا. وفد میں چیمبر کے سابق صدور، ایگزیکٹو بورڈ کے ارکان اور معروف کاروباری شخصیات شامل تھیں. بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھی اس موقع پر نمائش کا دورہ کیا. سینٹورس مال کی انتظامیہ کے عہدیداران نے چیمبر کے وفد اور دیگر شخصیات کا خیرمقدم کیا. مہمانوں کو نمائش کا دورہ کرایا گیا اور مذہبی فضیلت اور روحانی اہمیت کی نادر اشیاء کی زیارت کرائی گئی. ان متبرکات میں غلاف کعبہ، پردہ باب الکعبہ، چادر روضہ رسول، اور دیگر متبرکات شامل ہیں. خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد اور صدر اسلام آباد چیمبر احمد علی نے اس روح پرور نمائش کے انعقاد پر چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ سردار تنویر الیاس خان کو خراج تحسین پیش کیا. اس روشن اور مبارک نمائش کا مقصد کورونا وبا کے دوران راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو روحانی سکون و اطمینان فراہم کرنا ہے. مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ انمول اسلامی متبرکات و نوادرات کی نمائش کے ذریعے سینٹورس مال نے اس نہایت مشکل وقت میں بڑھتی ہوئی مایوسی اور کرب کو کم کرنے میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے. نمائش کا افتتاح بدھ کو وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کیا تھا. وفاقی سیکرٹری سردار اعجاز جعفر، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان، ا.یڈمرل (ر) عبدالعزیز مرزا، چودھری نصیر اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں، دس روزہ نمائش جمعہ 3 جولائی تک جاری رہے گی.
اسلام آباد چیمبر کے وفد کا سینٹورس مال کا دورہ ، مذہبی متبرکات کی نمائش کا مشاہدہ
Jun 27, 2020