تربیلا (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے وفاقی وزیر توانائی و پیٹرولیم عمر ایوب خان کی درخواست پرچورہ بابا، پہال جھامرہ روڈ تعمیر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔C&W کے متعلقہ عملے نے روڈ کی تعمیر کا سروے مکمل کر لیا ہے۔ تربیلا، لارنسپور روڈ پر واقع پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ پوسٹ کوٹکے سے پنجاب کی حدود میں واقع 6 کلومیٹر طویل چورہ بابا روڈ 8 کروڑ روپے کی لاگت سے پنجاب حکومت تعمیر کریگی۔ جبکہ پہال سے جھامرہ تک 2 کلومیٹر روڈ کی تعمیر کے لیئے درکار فنڈ عمرایوب خان مہیا کریں گے۔ مذکورہ روڈ کی تعمیر سے پہال، جھامرہ، بدہ، روس، ڈھوک، رکڑ، چیچیاں، پھلائی پٹی، دکھن، جبر، پادرہ اورکالا کٹھہ کے بارہ تیرہ ہزار سے زائد لوگوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر غازی اور دیگر مقامات تک آمد و رفت کی سہولت دستیاب ہوگی۔ منصوبے کی تعمیر سے عمرایوب خان کے اہم ترین انتخابی وعدے کی تکمیل ہوگی۔ یاد رہیکہ 2004ء میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے قومی اسمبلی کے سابق سپیکر گوہر ایوب خان اور عمرایوب خان کی درخواست پر 3 کروڑ 26 لاکھ روپے کی لاگت سے یہ روڈ تعمیر کی تھی ۔ عمر ایوب خان کے بعد 14 سال اقتدار میں رہنے والوں کی عدم توجہی کی وجہ سے روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو تی رہی۔ جسکی وجہ سے عوام کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔چنانچہ گزشتہ عام انتخابات کے دوران پہال اور جھامرہ کے دونوں روائتی سیاسی دھڑوں کے سربراہوں زبیر حیات خان اور ملک محمد افضل نے علاقے کے اجتماعی مفاد کی خاطر اپنے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی کے علاوہ سب سے زیادہ زور چورہ بابا، پہال جھامرہ روڈ کی تعمیر کے مطالبے پر دیا۔اور پھر انتخابات کے بعد عمرایوب خان کے کوآرڈینیٹر ساجد محمود خان اور فوکل پرسن جاوید اقبال خان کے ہمراہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں وفاقی وزیر کے ساتھ ہری پور اور اسلام آباد میں ملاقاتیں کیں۔وفاقی وزیر عمرایوب خان نے گزشتہ سال اس روڈ کی تعمیر کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے درخواست کی جنہوں نے پہال، جھامرہ کے عوام الناس کی سفری مشکلات کے حل کی خاطر درکار رقم 8 کروڑ روپے کی منظوری دی اور متعلقہ محکمہ کو جلد روڈ کی تعمیر ہدایت جاری کردی ہے۔