سابق امیرِ جماعتِ اسلامی سید منور حسن سپردِ خاک

جماعتِ اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن کی نمازِ جنازہ ناظم آباد کراچی کے عید گاہ گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سخی حسن قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔سابق امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سید منور حسن کی نمازِ جنازہ موجودہ امیرِ جماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پڑھائی۔سید منور حسن کی نمازِ جنازہ میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ جماعتِ اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، پروفیسر ابراہیم، معراج الہدیٰ صدیقی، حافظ نعیم الرحمٰن، سید عبدالرشید کے علاوہ ہزاروں کارکنوں افراد موجود تھے جنہوں نے اپنے محبوب رہنما کی میت کو کندھا دیا۔سابق امیرِ جماعت ِاسلامی پاکستان سید منور حسن کا جسدِ خاکی نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد آخری آرام گاہ سخی حسن قبرستان کی جانب لے جایا گیا۔سید منور حسن کی میت کے ساتھ ایمبولینس میں امیرِ جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق، نائب امیرِ جماعت ِاسلامی ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن، رکنِ سندھ اسمبلی سید عبدالرشید، سیدمنور حسن کے صاحبزادے طلحہٰ حسن اور داماد بھی موجود تھے۔

 واضح رہے کہ جماعتِ اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن گزشتہ روز کراچی میں انتقال کر گئے تھے، وہ طویل عرصے سے علیل اور مقامی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔سید منور حسن 3 مرتبہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ رہے جبکہ 2009ء سے 2014ء تک امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔
 

ای پیپر دی نیشن