لاہور(خصوصی نامہ نگار)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے انسدادِ منشیات کے عالمی دن پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے کو منشیات کا زہر دیمک بن کر کھوکھلا کر رہا ہے۔ منشیات کے باعث جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروشوں کے مضبوط نیٹ ورک ہمارے بچوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہیں۔ نشے کی لت میں دْھت نوجوان اپنے ساتھ ساتھ اپنے والدین، عزیز و اقربا سمیت اپنے دوستوں کیلئے بھی زلت و رسوائی کا سبب بنتے ہیں۔ زیادہ تر نوجوان والدین کی عدم توجہی کے باعث منشیات کے عادی ہو رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے بنائے گئے 20 سے زائد ادارے منشیات کی روک تھام کیلئے کام کر رہے ہیں اینٹی نارکوٹکس اور دیگر اداروں کی فعالیت کے باوجود منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال میں دن بدن اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں کی گئی سرکاری و نجی مختلف اداروں کی تحقیقات کے مطابق منشیات کے استعمال میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہونے چاہئیں۔