پیپلز پارٹی کا پنجاب میں کوئی وجود نہیں :ہمایوں اختر خان 

لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں کوئی وجود نہیں بلکہ اب اسے اپنی بقاء کا سامنا ہے ، پاکستان تحریک انصاف نہ صرف آئندہ انتخابات میں پنجاب بلکہ باقی صوبوں میں بھی پہلے سے زیادہ برتری حاصل کر ے گی ،آئندہ مالی سال کے بجٹ سے ہر طبقے کا اعتماد بحال ہوا ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کی منفی سوچ اور منصوبوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی اکابرین اور لارج اسکیل مینو فیکچرننگ سے وابستہ صنعتکاروںکے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین کا ہر شعبے کی نبض پر ہاتھ ہے ، ہر شعبے نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے ، پاکستان چیمبرز سمیت تمام ایسوسی ایشنز اور تاجر تنظیموں نے بجٹ دستاویز کی ستائش کی ہے او راسے ترقی کا ضامن بجٹ قرار دیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس وصولی کے اہداف حقیقت پسندانہ ہے اور انشااللہ انہیں حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن