معروف اداکارہ بیگم خورشید شاہد 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

Jun 27, 2021 | 14:41

ویب ڈیسک

لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بیگم خورشید شاہد دل کی بیماری میں مبتلا ہونے کے باعث 95برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریڈیو میں صداکاری اور ٹی وی پر اداکاری کے جوہر دکھانے والی فنکارہ بیگم خورشید شاہد کو عارضۂ قلب لاحق ہونے کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔اس حوالے سے بیگم خورشید شاہد کے فرزند واداکار سلمان شاہد نے والدہ کے انتقال کی تصدیق کردی۔ بیگم خورشید کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا جن کی نمازِ جنازہ آج سہ پہر 4 بجے لاہور، ڈیفنس فیز 2 میں ادا کی جائے گی۔
آل انڈیا ریڈیو میں 9 سال کی عمر میں بیگم خورشید شاہد نے ایک گلوکارہ اور اداکارہ کی حیثیت سے شوبز کا کیرئیر شروع کیا اور بڑے بڑے موسیقاروں سے میوزک کی تربیت بھی حاصل کی جو آگے چل کر انہیں کام آئی۔

قیامِ پاکستان کے وقت 1947ء میں بیگم خورشید نے بھارت چھوڑ دیا اور ہجرت کرکے لاہور آئیں۔ 1964ء میں پی ٹی وی کی اداکارہ بن گئیں اور اگلے 2 عشروں تک مختلف ڈراموں میں اہم کردار ادا کیے۔پی ٹی وی کے دور میں بیگم خورشید شاہد کے ڈرامہ سیریلز زبرپیش، انکل عرفی، کرن کہانی، پرچائیں اور دھند بے حد مشہور ہوئے۔ 1984ء میں انہیں تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔
سن 90ء کی دہائی میں بیگم خورشید شاہد نے ٹی وی سے لاتعلقی اختیار کر لی کیونکہ ان کا خیال تھا کہ ٹیلیویژن پستی کی طرف جارہا ہے۔ بیگم خورشید شاہد کے انتقال پر ملک کی معروف شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل مشہورومعروف میوزک بینڈ اوور لوڈ کے بانی، نامور گلوکار فرہاد ہمایوں انتقال کر گئے تھے جس کی خبر سوشل میڈیا پیج کے ذریعے دی گئی۔ 19 روز قبل اوورلوڈ بینڈ کے آفیشل فیس بک پیج سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا کہ صبح کے وقت فرہاد ہمایوں انتقال کر گئے۔ جواں سال فرہاد ہمایوں نے اپنی اقدار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

مزیدخبریں