لاہور(سپورٹس رپورٹر)کامن ویلتھ گیمز کیلئے اولمپئن ارشد ندیم، ریسلر انعام بٹ سمیت گیارہ اتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ کرلئے گئے جبکہ چار اتھلیٹس کے ڈوپ سمپلز جمع کرنا باقی ہیں۔ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی آف پاکستان کی ٹیم نے گزشتہ روز لاہور میں کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں میں مصروف اولمپئن ارشد ندیم سمیت چھ ریسلرز اور ایک ویٹ لفٹر حیدر علی کے ڈوپنگ سیمپلزلئے ‘ اس سے پہلے ہفتے کو اسلام آباد میں جاری کیمپس میں شریک دو باکسرز اور ایک سکواش کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ ہوا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ڈوپنگ ٹیم گوجرانوالہ میں ٹریننگ کرنے والے دو ویٹ لیفٹرز اور ایبٹ آباد میں جاری ہاکی ٹیم کے کیمپ میں سے بھی دو کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لے گی۔پاکستان سپورٹس بورڈ دس اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پانچ ڈوپ ٹیسٹ کے اخراجات برداشت کرے گی۔ ڈوپنگ سیمپلز کو بیرون ملک ٹیسٹنگ کیلئے بھجوایا جائے گا، منتظمین کو قومی دستے کی 23 جولائی کو برمنگھم روانگی سے پہلے ٹیسٹنگ رپورٹس ملنے کا یقین ہے۔پاکستان کا ایک سو چار رکنی دستہ ان گیمز میں حصہ لے رہا ہے۔ ڈوپ ٹیسٹ صرف ان کھلاڑیوں کے کئے جارہے ہیں جن سے میڈلز کی امید ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز کو ڈوپ فری بنانے کیلئے ہر ملک دستے میں شامل اپنے اتھلیٹس کی ڈوپنگ ٹیسٹنگ کروار رہا ہے۔