لاہور‘ پتوکی‘ سندر (خصوصی نمائندہ‘ نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن فوری ہونے چاہئیں تاہم الیکشنز سے پہلے ریفارمز ضروری ہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا ایک ہی ایجنڈا ہے، یہ دونوں جماعتیں عوام کی بہتری نہیں چاہتیں۔ انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کو ختم کرنا ضروری ہے۔ مہنگائی کیخلاف ٹرین مارچ میں روانگی سے پہلے ملتان ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نہریں خشک ہو چکی ہیں، فصلیں تباہ ہو رہی ہیں، ملک میں بیروزگاری عروج پر ہے، نوجوان ڈگریاں جلا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف تمہیں خبردار کرتا ہوں وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کیخلاف آپکی حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی کوشش کی تو پاکستان میں تمہیں چھپنے کیلئے جگہ نہیں ملے گی۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا یہاں اسلامی نظام قائم ہو گا۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے مل کر ملک کی خودمختاری کا سودا اور نوجوانوں کا مستقبل گروی رکھ دیا۔ ملک ہمارا ہے اور فیصلے آئی ایم ایف کر رہا ہے۔ یہ عجوبہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ حکمرانوں کے اثاثے بڑھ رہے ہیں اور عوام کے پاس دو وقت کی روٹی کے لیے وسائل دستیاب نہیں۔ جب بھی مشکل وقت آتا ہے تو دولت کے ڈھیر پر بیٹھے حکمران، کارخانوں کے مالک، ٹیکس چور اور کرپٹ سرمایہ دار غریبوں سے تقاضا کرتے ہیں کہ قربانی دیں۔ حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ اپنے اثاثوں کا دس فیصد ہی ملک کو دینے کے لیے راضی ہو جائیں۔ ان ظالموں سے پوچھتا ہوں کہ یہ کب تک عوام کی قربانیاں مانگتے اور ان کا مذاق اڑاتے رہیں گے، کوئی چائے کم پینے کے مشورے دے رہا ہے، تو کوئی کہتا ہے کہ ایک وقت کی روٹی کم کرو۔ غریب اپنا خون بھی ملک کو دے دیں، تو حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹرین مارچ کے دوسرے مرحلے کے اختتام پر لاہور ریلوے سٹیشن پر اپنے استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنان جماعت اسلامی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ان کے ہمراہ تھے۔ لاہور پہنچنے پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کارکنان کی کثیر تعداد کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ جماعت اسلامی کی دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ ٹرین مارچ کا آغاز ہفتہ کی صبح رحیم یار خان سے ہوا تھا۔ رحیم یار خان سے ملتان تک سفر میں امیر جماعت نے لیاقت پور، خانپور، ڈیرہ نواب، بہاولپور سمہ سٹہ اور شجاع آباد کے ریلوے سٹیشنز پر اپنے استقبال کے لیے آئے ہوئے ہزاروں کارکنان سے خطاب کیا۔ ملتان سے لاہور تک کے سفر میں انہوں نے خانیوال، میاں چنوں، چیچہ وطنی، ساہیوال، اوکاڑہ اور پتوکی کے ریلوے سٹیشنز پر عوامی اجتماعات سے خطابات کیے۔