شمالی وزیرستان: فائرنگ کا تبادلہ‘ صوبیدار‘ حوالدار شہید‘ 7 دہشت گرد ہلاک‘ وادی تیراہ سے گولہ بارود برآمد

Jun 27, 2022

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ این این آئی) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقہ غلام خان کیلے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ جوابی فائرنگ میں سات دہشت گرد مارے گئے جن سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد  سکیورٹی فورسز کے خلاف کئی دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے ہیں۔ فائرنگ کے  تبادلے کے دوران صوبیدار منیر حسین اور حوالدار بابو خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ علاقے میں  کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ادھر سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے ضلع خیبر میں وادی تیراہ کے علاقے حیدر ویخ میں سرچ آپریشن کے دوران بارود اور اسلحہ قبضہ میں لے لیا جو دہشتگردوں کے ایک پرانے ٹھکانے سے برآمد کیا گیا۔  سازو سامان میں 4 کلوگرام بارود، 5  دیسی ساختہ بم اور 18  دستی بم شامل ہیں ، 2  مشین گن اور سیکڑوں کی تعداد میں کارتوس بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں