لاہور(بزنس رپورٹر)یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے 24 ویںکانووکیشن کی پر وقارتقریب ایکسپو سنٹر میں منعقد کی گئی۔ احمر بلال صوفی، ایڈووکیٹ، سپریم کورٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز ، سہیل افضل ، مختلف یو نیورسٹیز کے و ائس چانسلرز، ماہرین تعلیم،پروریکٹر یوسی پی، پروفیسر ڈاکٹر نصر اکرام اور فیکلٹیزڈینز ، طلباء و طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد موجودتھی۔ آٹھ فیکلٹیزاور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامزکے 643گریجوایٹس کو اسناد دی گئیں ۔ایشا رضا رول آف آنر کی حقدار قرار پائیں۔ علاوہ ازیں پہلی مرتبہ دو نئے ایوارڈز بہترین استاد اور بہترین محقق اور موجدکا آغاز بھی کیا گیا ۔ فیکلٹی آف میڈیا اینڈ کیمونیکیشن سٹڈیز کی منیبہ فاطمہ زہرہ کو بیسٹ ٹیچراور ڈاکٹر سمیرا زیب ، ایچ او ڈی،فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو بیسٹ ریسرچر اور انوویٹر کے ایوارڈسے نوازا گیا۔ احمر بلال صوفی نے کہایہ طلباء سے زیادہ والدین کے لیے اہم دن ہے اورٹیچرز کی رہنمائی کے بغیر طلباء کی ترقی ناممکن ہے۔ اب طالب علموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھیں اوراپنے والدین کیساتھ ملک پاکستان کا نام بھی روشن کریں ، انہوں نے میاں عامر محمود کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تعلیم کے میدان میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ پروریکٹر یو سی پی پروفیسر ڈاکٹر نصر اکرام نے معزز مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چیئر مین بورڈ آف گورنرز، میاں عامر محمود کی جانب سے گریجوایٹس کو مبارکباد دی جو اپنی مصروفیات کے باعث کانووکیشن میں شرکت نہ کر سکے۔ڈاکٹر نصر اکرام نے گریجوایٹس کیساتھ ساتھ ان کے والدین کو بھی مبارکباد دی ۔ یونیورسٹی میں گزشتہ برس میں ہونے والی پیش رفت اور کامیابیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا 2002ء میں قیام کے بعد یونیورسٹی نے تعلیم، تحقیق، سپورٹس اور سماجی کاموں میں شاندار کامیابیاں سمیٹی ہیں۔
یوسی پی کا24ویں کانووکیشن ،643گریجوایٹس کو اسناد سے نوازا گیا
Jun 27, 2022