کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے:مریم اورنگزیب

Jun 27, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے سینئر حریت رہنما اور جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے صدر الطاف احمد بھٹ نے ملاقات کی۔ الطاف احمد بھٹ نے مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کشمیر کاز سے گہرا لگائو رکھتے ہیں، دونوں رہنمائوں نے ہر فورم پر تحریک آزادی کشمیر پر بات کی، موجودہ حکومت بھارتی اقدام کے خلاف 5  اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو لمحہ بھر کے لئے بھی نہیں بھولی، موجودہ حکومت نواز شریف کے وژن کے مطابق کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ ہونا باقی ہے اور یہ مسئلہ کشمیری عوام کو استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے کر ہی حل ہو سکتا ہے۔ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور ایک دوسرے سے الگ نہیں ہو سکتے۔ الطاف بھٹ نے کہا کہ5  اگست کے بھارتی اقدامات غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر اخلاقی تھے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیلی طرز کی آبادیاتی تبدیلیاں لانے  میں مصروف ہے، میر واعظ عمر فاروق، شبیر شاہ، یاسین ملک، ظفر اکبر بھٹ، قاسم فکتو، آسیہ اندرابی، نعیم خان اور کئی دیگر حریت رہنما سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ بھارت کے وحشیانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام تحمل کے ساتھ تحریک آزادی کو جاری رکھے ہوئے ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کا ایک اہم فریق اور حامی ہے۔

مزیدخبریں