لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں سٹریٹ کرائمز میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، دہشت گردی کے خلاف بیانیہ پر پوری قوم متفق ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن وامان سے متعلق لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا تحفظ یقینی بنائیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں عوام کی رائے صرف کارکردگی دکھانے سے ہی بدل سکتی ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے اور اس ضمن میں لاحق خطرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سدباب کے اقدامات اور قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فیٹف شرائط کی تکمیل کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے اور اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کیا جائے گا جو گزشتہ چار سال میں موجود نہیں تھا، گزشتہ چار سال میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار نظر انداز کرنے سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا، پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لئے امن وامان کا یقینی ہونا ایک بنیادی تقاضا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم سے وفاقی وزیر برائے صنعت سید مرتضی محمود اور ایم این اے چودھری خالد جاوید وڑائچ نے بھی ملاقات کی۔ اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر ہم منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کو فعال طور پر محدود کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہمیں نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کے خطرات سے بچانے اور ان کی صحت اور تندرستی کے تحفظ کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنا چاہیے۔ منشیات کے خاتمہ کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ منشیات کے استعمال کے خلاف کارروائی کو مضبوط بنانا اور معاشرے کے تمام طبقات پر اس کے اثرات کو کم کرنا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اس مقصد کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ہم اپنے عالمی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ میں وزارت انسداد منشیات کو ہدایت کروں گا کہ وہ منشیات کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ ہمیں مل کر منشیات سے پاک پاکستان کے حصول کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں ہیلتھ کیئر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں سٹرٹیجک اصلاحات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سربراہ وزیراعظم سٹرٹیجک ریفارمز سلمان صوفی نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر معذور شہریوں، سریبرل پالسی مصنوعی اعضا کے لیے سازوسامان کی تیاری پر کام کرنے والے اداروں کی مدد کی جائے گی اور ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، سیریبرل پالسی (Cerebral Palsy)سے متاثر مریضوں کی تعلیم و تربیت کیلئے بین الاقوامی سطح پر رائج میوزک تھراپی جیسے اقدامات متعارف کروائے جائیں گے، سلمان صوفی نے کہا کہ دماغی فالج کے مریضوں کے لیے خصوصی وہیل چیئرز، دیگر معذور شہریوں کی مدد کے لیے آلات پاکستان میں کم قیمت پر تیار کیے جائیں گے، حکومت معذور شہریوں کو ان کی نقل و حرکت کے لیے درکار اہم سامان کو سبسڈی پر فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کرے گی۔اے پی پی کے مطابق عون چودھری نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اتوار کو لاہور میں ملاقات کی ہے۔
نیشنل ایکشن پلان پر صوبوں کا کردار بحال کیا جائے گا : شہباز شریف
Jun 27, 2022