راولپنڈی (جنرل رپورٹر)راولپنڈی شہرو چھائونی کے گنجان آباد رہائشی علاقوں میں غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بڑھ گیا ہے ، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی مصنوعی قلت پیداکر دی گئی ہے، بجلی کے ستائے شہری پانی کے حصول کیلئے دربدرکی ٹھوکریں کھانے لگے،’’رپورٹ ‘‘ کے مطابق اس شدیدگرمی اور حبس میں اضافہ کے ساتھ ساتھ شہر و چھائونی اور ملحقہ علاقوں بھابڑہ بازار، موتی بازار، ڈھیری حسن آباد، سٹلائیٹ ٹائون، راجہ بازار، دھمیال ، پیپلز کالونی، چکری روڈ ، ڈھوک کالا خان، مریڑھ حسن، رحیم آباد، ٹاہلی موہری، آریہ محلہ، کمیٹی چوک، شمس آباد، کٹاریاں ، پیر ودہائی، اصغر مال، انگت پورہ ، ڈگری کالج روڈ، محلہ راجہ سلطان سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیاہے۔
، ہر2گھنٹے بعدایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود رات کو کئی گنجان آباد رہائشی علاقوں میں چار سے چھ گھنٹے تک بجلی بند کر دی جاتی ہے جس کے باعث شہریوں کاراتوں کا سکون اور دن کا چین ختم ہوگیاہے ، وارث خان ،ڈہوک الہی بخش ، امر پورہ، نیامحلہ، صادق آباد ، مسلم ٹائون ، خیابان سرسید ،افشاں کالونی، رینج روڈ ، شالے ویلی، ڈہوک بنارس، ڈہوک چوہدریاں ،مصریال روڈ، اڈیالہ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی طویل بندش سے تنگ شہری سراپا احتجاج بن گئے، مسائل کے ازالہ کی بجائے ان میں مسلسل اضافہ ہوتاچلا جارہاہے ،جس سے گنجان آباد رہائشی علاقوں میں پانی کی مصنوعی قلت بھی پیداہونا شروع ہوگئی ہے ،ٹیوب ویل چلنے کے اوقات کار میں بجلی نہیں ہوتی اور بجلی آنے کے بعد ٹیوب ویل چلنے کا وقت ختم ہوچکاہوتاہے ،شہرکے متعدد علاقوں کے علاوہ چھائونی کے افشاں کالونی، اڈیالہ روڈ، دہمیال میں پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے گھروں میں خصوصا خواتین بچوں اور بوڑھوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے، شہریوں نے بجلی کی بڑھتی ہوئی غیر اعلانہ بندش پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔