راولپنڈی (اکمل شہزاد سے)راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں کو فلتھ ڈپو میں تبدیل کردیا، گندگی کی بھرمار کی وجہ سے وبارئی امراض پھیلنے لگے، راولپنڈی کے پوش علاقوں میں تو صفائی کا کچھ نظام دکھائی دیتا ہے شہر کے دیگر علاقوں میں ہر جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی کئی کئی ہفتے کوڑا اٹھانے نہیں آتیں، ڈرم کوڑا کرکٹ اور گندگی سے بھرے رہتے ہیں بلکہ ڈرموں کے اردگر بھی کوڑے کے ڈھیر لگ جاتے ہیں۔شہریوں کے مطابق مختلف یونین کونسلوں میں صفائی تو دور کے بات کچرا ڈرم کو بھی روزانہ کی بنیاد پر خالی کرنے میں بری طرح ناکام ہو گیا، محکمہ روزانہ کی بنیاد پر صرف صفائی آگاہی مہم کی پریس ریلیز جاری کرنے تک محدود ہو گیا، راولپنڈی کی یونین کونسل 77 اور 88میں گندگی کی بھرمار ہے ، فضل ٹائون، فیصل کالونی منگٹال ٹائون، گلزار قائد، بند کھنہ روڑ، صادق آباد میں صفائی تو دور کی
بات ہے کچرے کے ڈرم تک خالی نہیں کئے جاتے جس وجہ سے ڈرموں کے ارد گرد کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیر لگ جاتے ہیں، بارش کی وجہ سے ایک تو گندگی گلیوں اور سڑکوں پر پھیل جاتی ہے دوسری جانب تعفن اور بدبو پھیلنے کی وجہ سے سڑک اور گلی سے گزرنا بھی محال ہو جاتا ہے، گندگی کے باعث علاقے میں مچھروں کی بھی بھرمار ہے ، گزشتہ سال بھی یہ علاقے ڈینگی کے حوالے سے بھی خطرناک قرار دیئے گئے تھے، شہریوں کے مطابق راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کی سینٹری ورکر ہفتے میں ایک دن صفائی کیلئے آتے ہیں ، ڈرموں سے کوڑا اٹھانے والی گاڑی کئی کئی ہفتے ادھر کا رخ نہیں کرتی جس وجہ سے گلی محلوں اور سڑکوں پر ڈرموں کے اردگرد کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ جاتے ہیں جس کی وجہ سے علاقوں میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔