طویل لوڈشیڈنگ سے ووٹنگ کا عمل متاثر پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ٹریفک جام

Jun 27, 2022

سکھر(بیورو رپورٹ)سندھ کے مختلف  شہروں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنوں پر لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ، لوڈ شیڈنگ کے باعث جہاں پولنگ اسٹاف و عملے کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا وہاں امیدواروں کی جانب سے مقرر کردہ مرد و خواتین ایجنٹ کو بھی شدید پریشانی اٹھانا پڑی، شہر کی پولنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود پولنگ اسٹاف و عملے سمیت ایجنٹ نے اپنی ڈیوٹیاں جاری رکھی۔ سکھر میں بلدیاتی انتخابات اور پولنگ عمل کے دوران ہونی والی لوڈ شیڈنگ پر امیدواروں سمیت شہری و سماجی حلقوں نے سیپکو انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور بالا حکام سے نوٹس لیکر متعلقہ عملے کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی کا مطالبہ کیا ۔ دوسری جانب سکھر انتظامیہ کی ناقص کارکردگی ،پولنگ اسٹیشنوں کے باہر  بھی ٹریفک جام ، شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے، تفصیلات کے مطابق سکھر انتظامیہ بلدیاتی انتخابات کے روز بھی شہریوں کو ٹریفک جام کے مسائل سے نجات دلانے میں ناکام نظر آئی شہر کے مختلف علاقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ٹریفک جام کی شکایات دیکھنے کونظر آئی ٹریفک جام کی وجہ سے مسافر گاڑیوں سمیت عام شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلدیاتی انتخابات کے روز بھی ٹریفک جام مسائل پر شہری و سماجی حلقوں میں تشویش پائی گئی اور انہوں نے بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سکھر ڈویژن کے تین اضلاع میں قائم 2203پولنگ اسٹیشنوں میںسے 464پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس جبکہ 1199احساس قراردیئے جانے کے بعد سکھر انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ، اور سیکورٹی پلان کے تحت 12ہزار سے زائد پولیس اہلکار وں سمیت رینجرز کے جوان تعینات کیساتھ ساتھ پاک آرمی کے چاق و چوبند دستے اسٹینڈ بائی رکھے گئے تھے الیکشن کمیشن آف پاکستان سکھر کی جانب سے  پولنگ اسٹیشنوں سمیت عام پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ عملہ ، ایجنٹ سمیت امیدواروں کو آنے و جانے کی اجازت دی گئی جبکہ غیر متعلقہ اشخاص کی آمد و رفت و مداخلت پر بھی سخت پابندی عائد کی گئی تھی ۔خیرپور سے بیورورپورٹ کے مطابق  خیرپور میں DRO کی بدترین نااہلی کی وجہ سے عین وقت پر پولنگ کا عملہ تبدیل کردیا گیا، قیامت خیز گرمی میں دور دراز علاقوں سے بلائے گئے پولنگ کے عملے کو پانی کی ایک بوند تک نہیں دی گئی.پولنگ کے عملے نے الیکشن کمیشن پر عین وقت میں عملہ تبدیل کرنے کے شکایات کی۔ شدید گرمی میں آئے ہوئے اساتذہ کے لئے بیٹھنے اور پنکھوں کا بھی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے گئے تھے۔

مزیدخبریں