خانیوال( نیوز رپورٹر) کاروباری مراکز رات 9 بجے تک بند کروانے کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سیف اللہ کی زیر نگرانی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کا آغاز کردیا ہے اسسٹنٹ کمشنر سیف اللہ جاوید نے تاجروں، تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ازخود کاروباری مراکز رات 9 بجے تک بند کر دیں تا کہ ملک کو اس کرائسسز سے نجات دلائی جا سکے اور انتظامیہ کو کوئی آپریشن نا کرنا پڑے،اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ اب تک بجلی بچاؤ مہم کی خلاف ورزی کرنے والے درجنوں تاجروں کو مجموعی طور پر ہزاروں روپے جرمانہ کیا گیا ہے تا کہ انہیں قومی ذمہ داری کا احساس ہو۔
ای اوبی آئی کی پنشن کم از کم
20 ہزار روپے مقرر کرنے کا مطالبہ
ملتان ( خبر نگار خصوصی ) ای او بی آئی کے پنشنرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بہت زیادہ مہنگائی میں زندگی گزارنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہیں ماہانہ 8500 روپے پنشن دی جارہی ہے اسے بیس ہزار کیا جائے، سید رحمت علی شاہ کا کہنا ہے کہ جو ہمیں پنشن دی جارہی ہے وہ ان تنخواہوں میں سے کٹوتی کی جاتی رہی ہے جبکہ افسران ان کے پیسوں پر عیاشی کر رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ای او آئی بی کے پنشنرز کی پنشن کم از کم 20 ہزار روپے مقرر کی جائے۔
روزانہ 40منٹ ورزش سے بلڈ شوگر کنٹرول ہو سکتی ہے: ڈاکٹر زبیر
ملتان(نمائندہ نوائے وقت)ساؤتھ پنجاب میڈیکل لیب کی جانب سے فری شوگر کیمپ سے سی ای او ساؤتھ پنجاب لیب پروفیسر ڈاکٹر زبیر شاہین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوگر ایک جان لیوا مرض ہے اگر پرہیز اور بروقت علاج نہ کرایا جائے تو یہ انسان کو موت کے منہ میں دھکیل سکتی ہے۔یہ ایک ایسا موذی مرض ہے جو انسان کو اندر ہی اندر سے دیمک کی طرح چاٹ جاتا ہے۔زیابطیس کے شکار افراد کا جسمانی وزن تیزی سے کم ہوتا ہے جب یہ کمی بغیر کسی کوشش کے اچانک ہونے لگے تو یہ خطرے کی گھنٹی ہو سکتی ہے۔جب یہ علامات رونما ہونے لگیں تو فورا ٹیسٹ کروائیں۔
علاج کے ساتھ ساتھ روزانہ 40منٹ ورزش کو معمول بنانے سے بلڈ شوگر کو کافی حد تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔اس موقع ڈاکٹر عالیہ زبیر شاہین ،طلحہ زبیر شاہین ،مس ہما (ایس آر ایم) سجاد حسین ،محمد رمضان سھو، اویس ریاض موجود تھے۔
ٹھیکیدار خالد عاربی کے بھائی رمضان عاربی کی نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی
ملتان (پ،ر)معروف ٹھیکیدار ملک خالد ملوک عاربی کے چھوٹے بھائی محمد رمضان عاربی بقضائے الہی وفات پا گئے ہیں ۔ان کی نماز جنازہ کبیر شہید قبرستا فاروق پورہ چوک پرانا شجاع آباد روڈ پر ساڑھے دس بجے صبح ادا کی جائیگی ۔