حنا ربانی کھرکی روانڈا میں دولت مشترکہ سربراہان کے اجلاس میں شرکت

Jun 27, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے روانڈا کے شہر کیگالی میں ہونے والے دولت مشترکہ کے دوروزہ سربراہان حکومت کے اجلاس (سی ایچ او جی ایم)میں پاکستانی وفد کی قیادت کی،اجلاس میں دولت مشترکہ سے متعلق امور بشمول کووڈ 19کے بعد اقتصادی بحالی، وبائی امراض اور تنازعات کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کا چیلنج، جمہوری اقدار اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تجارت میں اضافے سمیت دیگر امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق24اور 25جون کو روانڈا کے شہر کیگالی میں منعقدہ دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر مملک برائے خارجہ امور حنا ربانی کھرنے کی۔انہوں نے کہا کہ سربراہی اجلاس میں دولت مشترکہ سے متعلق امور بشمول کووڈ 19کے بعد اقتصادی بحالی، وبائی امراض اور تنازعات کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹیں، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کا چیلنج، جمہوری اقدار اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تجارت میں اضافے سمیت دیگر امور بارے تبادلہ خیال کیا گیاان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کے سربراہ کے طور پر وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے سی ایچ او جی این پلینری، ریٹریٹ اور انٹر جنریشنل ڈائیلاگ میں پاکستان کی نمائندگی کی،انہوں نے 23جون 2022کو سمٹ کے دوران ہونے والی دولت مشترکہ کے خارجہ امور کی وزارتی میٹنگ میں بھی سرگرمی سے شرکت کی۔اس موقع پروزیر مملکت نے آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم کے ساتھ ساتھ کینیا، تنزانیہ، سنگاپور، نیوزی لینڈ، سیرا لیون، جمیکا اور ڈومینیکا کے وزرائے خارجہ اور برطانیہ کے وزیر برائے جنوبی ایشیا، دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔انہوں نے سائیڈ لاینز رائل ہائینسز، دی پرنس آف ویلز اور دی ڈچزآف کارن وال، روانڈا کے صدر پال کاگامے، برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد کے ساتھ بات چیت کی۔ انٹر جنریشن ڈائیلاگ میں پاکستان کو ایشیا سے کامن ویلتھ ممبر کے طور پر دکھایا گیا جو نوجوانوں کی صلاحیتوں کی نمائندگی کرتا ہے، اس میں امریکا،یورپ، کیریبین اور پیسیفک سے کینیڈا، بارباڈوس اور ساموا بھی شامل تھے۔اس موقع پر ایک خصوصی ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جنوری 2023میں اسلام آباد میں 10ویں کامن ویلتھ یوتھ وزارتی اجلاس کی میزبانی کا اعلان کیا جس کا دولت مشترکہ کے سربراہان نے خیرمقدم کیا۔واضح رہے کہ یہ سربراہی اجلاس جو تقریبا چار سال کے وقفے کے بعد بلایا گیاہے، وبائی امراض کے بعد سربراہان حکومت کے سب سے بڑے اجتماعات میں سے ایک ہے۔اس اجلاس نے رکن ممالک کو آئندہ دو سالوں بارے جائزہ لینے اور تنظیمی ایجنڈا طے کرنے کا ایک مفید موقع فراہم کیا۔

مزیدخبریں