فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) چیئر مین آ ل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن رانا خرم اخلاق منج نے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس کے نفاذ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی صنعتیں پہلے ہی 29 فیصد کا بھاری کارپوریٹ ٹیکس ادا کرتی ہیں اور ملک میں لاکھوں ملازمتیں بھی پیدا کرتی ہیں۔ دنیا کا کوئی بھی ملک کارپوریشنوں سے 39 فیصد ٹیکس وصول کرتے ہو ئے معیشت کا پہیہ رواں دواں نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ وفاقی بجٹ 2022-23 کا اعلان صرف دو ہفتے قبل کیا گیا اور اس میں صنعتوں پر کوئی سپر ٹیکس نہیں لگایا گیا تھااور یہ ایک انتہائی اچانک اور صنعت مخالف اقدام ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں کاروبار کرنے کی لاگت پہلے سے ہی بلند ترین سطح پر ہے اور جہاں تک برآمدات کا تعلق ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں نے ہمیں پہلے ہی غیر مسابقتی بنا رکھا ہے۔