اجڑانوالہ: مبینہ پولیس مقابلہ ، ایک ڈاکو ہلاک، 3 اشتہاری گرفتار

فیصل آباد+ جڑانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) تھانہ ستیانہ مبینہ میں پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 3 اشتہاری ملزموں کوگرفتار کر لیا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق تھانہ ستیانہ پولیس کا سب انسپکٹر منیر احمد دیگر پولیس ملازمین کے ہمراہ علی رضا وغیرہ چار ڈاکووں کو جڑانوالہ کچہری میں پیشی کے بعد تھانہ واپس لا رہا تھا کہ بوٹے والی جھال کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں نے گرفتار ڈاکووں کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا، حملے کے نتیجہ میں حملہ آور ڈاکو اپنے چار ساتھیوں کو فرار کروانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ فرار ہوتے ہوئے ڈاکو پولیس پارٹی کی دو عدد ایس ایم جی گنز بھی چھین کر لے گئے، اطلاع ملنے پر پولیس ٹیموں نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے فرار ہونے والے ڈاکووں کا تعاقب جاری رکھا، ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے 115 گ ب کے قریب فصلوں میں چھپ گئے، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کی حراست سے فرار ہونے والے ڈاکووں میں سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر تین اشتہاری ڈاکوؤں علی رضا، علی فراز، حسنین شاہ کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا جبکہ محمد اسلم گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی چل بسا۔ دوسری طرف پولیس پارٹی پر حملہ کرنے والے نامعلوم ڈاکو حسب روایت فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ستیانہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارؤائی شروع کر دی ہے۔
جڑانوالہ/ پولیس مقابلہ

ای پیپر دی نیشن