اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے روانڈا کے شہر کیگالی میں ہونے والے دولت مشترکہ کے دوروزہ سربراہان حکومت کے اجلاس سی ایچ او جی ایم میں پاکستانی وفد کی قیادت کی، اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق سربراہی اجلاس میں دولت مشترکہ سے متعلق امور بشمول کووڈ 19کے بعد اقتصادی بحالی، وبائی امراض اور تنازعات کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹیں، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کا چیلنج، جمہوری اقدار اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تجارت میں اضافے سمیت دیگر امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم کے ساتھ ساتھ کینیا، تنزانیہ، سنگاپور، نیوزی لینڈ، سیرا لیون، جمیکا اور ڈومینیکا کے وزرائے خارجہ اور برطانیہ کے وزیر برائے جنوبی ایشیا، دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔انہوں نے سائیڈ لاینز رائل ہائینسز، دی پرنس آف ویلز اور دی ڈچزآف کارن وال، روانڈا کے صدر پال کاگامے، برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد کے ساتھ بات چیت کی۔ اس موقع پر ایک خصوصی ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جنوری 2023میں اسلام آباد میں 10ویں کامن ویلتھ یوتھ وزارتی اجلاس کی میزبانی کا اعلان کیا جس کا دولت مشترکہ کے سربراہان نے خیرمقدم کیا۔
روانڈامیں دولت مشترکہ اجلاس‘ پاکستانی وفد کی قیادت حنا ربانی کھر نے کی
Jun 27, 2022