ملتان ( خبر نگار خصوصی)الخدمت فاونڈیشن کے مواخات پروگرام کے تحت مستحق اورمحنتی افراد کو چھوٹے کاروبار کو جاری رکھنے اور وسعت دینے کیلئے بلا سود قرضے فراہم کیئے گئے ،جن کامقصد لوگوں کوخودکفیل بنانا اور باعزت روزگار فراہم کرنا ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن ملتان کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر مواخات پروگرام نعیم چشتی، الخدمت فائونڈیشن ملتان کے صدر احمد چغتائی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ولی محمد مجاہد، ڈاکٹر صفدر ہاشمی، شیخ احتشام الحق، پروفیسر عبد الصمدتقریب کے مہمان خصوصی چودھری عبد الوحید چیف ایگزیکٹو سٹی کالج ملتان اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی، پروفیسر عبدالصمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کے مواخات پروگرام کے تحت مستحق اور محنت کش افرادکو سود سے پاک اور اسلامی طریقہ کار کے عین مطابق قرضِ فراہم کیا جاتا ہے۔اس موقع پر 22 چھوٹے کاروباری خواتین و حضرات میں بلا سود قرض کے چیک تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ الخدمت غریب اور بے سہارا افراد کیلئے زندگی کی رمق ہے تقریب میں شریک افراد نے محنت اور لگن سے کاروبار کرنے اور قرض کو واپس مقرر کردہ اقساط میں لوٹانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر مواخات پروگرام نعیم چشتی نے بتایا کہ مواخات پروگرام کے بلا سود قرضوں کی واپسی کی شرح ننانوے فیصد تک ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے مواخات پروگرام سے ہزاروں افراد استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔