مکہ مکرمہ ، اسلام آباد(ممتازاحمدبڈانی، نامہ نگار) 20 لاکھ کے لگ بھگ عازمین حج منی پہنچ گئے۔ حجاج کرام فجر کی نماز کی ادائیگی کے بعد حج کے اہم رکن وقوف عرفہ کیلئے عرفات پہنچیں گے جہاں ظہر عصر نماز ایک ساتھ ادا کریں گے۔شیخ ڈاکٹریوسف بن محمدسعید خطبہ حج دیں گے اور غروبِ آفتاب تک وہاں ذکر اذکار میں مصروف رہینگے غروب آفتاب کے ساتھ ہی حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہو جائیں گے جہاں رات بھر کھلے آسمان تلے گزاریں گے کنکریاں وہاں سے چن کر فجر کی نماز کے ساتھ وادی منی پہنچ کر بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے جسکے بعد قربان گاہ جاکر اپنا قربانی کا جانور ذبح کریں گے اور سرکے بال کٹوا کر احرام کھول دیں گے۔دوسری جانب حکومت پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی مدد اور سہولت کے لئے منیٰ میں مرکزی کنٹرول آفس قائم کر دیا۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق کنٹرول روم میں معلومات اور رابطے کو یقینی بنانے کے لیے ایک انفارمیشن سیل قائم کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ گمشدہ حاجیوں یا گمشدہ سامان کی تلاش میں مدد کے لئے ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے ۔ نجی طور پر حج کے لئے جانے والے عازمین کے کسی بھی ممکنہ مسائل کی کڑی نگرانی اور ان کے حل کے لیے ایک علاحدہ مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔ مختلف دیگر خصوصی یونٹس، جیسے کہ وہیل چیئر ڈیسک وغیرہ حاجیوں کی سہولت کے لیے قائم کیے گئے ہیں ، ان سہولیات کی فراہمی کا مقصد قیام حج کے انتظامات کو بہتر بنانا ہے۔
لبیک اللھم لبیک، عازمین کی میدان عرفات میں آمد، حج آج
Jun 27, 2023