اوکاڑہ: مغوی لڑکی مبینہ زیادتی کے بعد قتل‘ نعش درخت سے لٹکا دی

Jun 27, 2023

اوکاڑہ‘ فیصل آباد (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) اوکاڑہ کے نواح میں جواں سالہ لڑکی کو اغواء مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ ملزمان نے نعش درخت سے لٹکا دی۔ ڈی پی او اوکاڑہ منصورامان رانا نے واقعہ کا سخت نوٹس لیکر ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔ ایسے سفاک ملزموں کو عبرت کا نشان بنانا ہو گا۔ ایف آئی آر کے مطابق چک نمبر 24 جیڈی کا رہائشی منگتا ولد نوشیر کی 17 سالہ بھانجی علینہ بی بی دختر نور محمد اپنے اہل وعیال کے ہمراہ گھر میں سوئی ہوئی تھی کہ ملزم بشارت علی ولد عزیز اپنے دو مسلح ساتھیوں کے ہمراہ اْن کے گھر میں داخل ہو گئے۔ علینہ بی بی کو اسلحہ کے زور پر اغواء کر کے لے گئے۔ ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزموں نے علینہ بی بی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس کا گلا گھونٹ کر اسے جان سے مار دیا۔ ملزمان نے لڑکی کا دوپٹہ اس کے گلے میں ڈال کر اس کی نعش کو ایک درخت نیم سے لٹکا دیا۔ پولیس نے مقتولہ کے ماموں منگتا کی درخواست پر ملزمان کے خلاف تھانہ صدر اوکاڑہ میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ایف آئی آر کی روشنی میں مقدمہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ بعد از تفتیش لڑکی کے قتل، اس سے زیادتی کے بارے میں اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ اوباش نے دوشیزہ کو ہوس کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیل کے مطابق نواحی علاقہ 426 گ ب کی رہائشی مختاراں بی بی کی جواں سال پوتی (ص) گھر میں اکیلی تھی کہ اسی دوران اوباش نادر گھر میں گھس گیا اور اسلحہ کے زور پر ڈرا دھمکا کر اسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

مزیدخبریں