خیبر پی کے: ن لیگ کے سینئر نائب صدر انتخاب خان ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شامل

لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+خبر نگار) خیبر پی کے سے مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما انتخاب خان چمکنی ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ ق میں شامل ہو گئے۔ گزشتہ روز انہوں نے سربراہ پاکستان مسلم لیگ اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ن لیگ خیبر پی کے کے سنئیر نائب صدر انتخاب خان چمکنی نے ساتھیوں کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ چوہدری سرور، جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری شافع حسین اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے۔ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری سرور نے انتخاب خان چمکنی اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ چوہدری شجاعت حسین نے انتخاب خاں چمکنی کو پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کا صدر تعینات کرتے ہوئے ان کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر لیا۔ اس موقع پر فرسٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے صدر کرنل ریاض خان چمکنی بھی پاکستان مسلم لیگ کا حصہ بن گئے، فرسٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے نائب صدر خیبر پختونخواہ نور اللہ شازلی نے بھی پاکستان مسلم لیگ کو جوائن کر لیا۔ ڈیموکریٹک فرنٹ پشاور ڈویژن کے صدر کامران اعوان بھی پاکستان مسلم لیگ کا حصہ بن گئے۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ انتخاب خان چمکنی صوبہ کے پی کے میں پارٹی کو مضبوط بنائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن