بھارت امریکہ بیان: امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کی دفتر خارجہ طلبی، تحفظات کا اظہار

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار ) حکومت نے بھارتی وزیر اعظم اور امریکی صدر کے مشترکہ بیان کے معاملے پر امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کر کے تحفظات کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے 22 جون کو جاری ہونے والے بھارت امریکہ مشترکہ بیان کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، مشترکہ بیان میں پاکستان کے بارے میں غیرضروری، یک طرفہ اور گمراہ کن حوالوں پر تحفظات سے امریکہ کو آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا امریکہ ایسے بیانات جاری کرنے سے گریز کرے جو پاکستان کیخلاف بھارت کے بے بنیاد اور سیاسی طور پر محرک بیانیے کی حوصلہ افزائی کے طور پر سمجھے جائیں، پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشتگردی میں تعاون بہتر طور پر آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان اعتماد اور افہام و تفہیم پر مرکوز ماحول دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے ناگزیر ہے۔

ای پیپر دی نیشن