الیکشن میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آرہی الیکشن وقت پر ہوں گے :خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات اور یادگار شہدا پر حملوں میں ملوث افراد کا احتساب کیا جانا خوش آئند ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حملوں میں ملوث سویلین کے کیس ملٹری کورٹ میں چلانے سے متعلق بات چل رہی ہے، قانون کو حرکت میں لانے کے لیے رکاوٹیں عبور کرنی پڑ رہی ہیں، جو عبور ہو جائیں گی، سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کا آپشن ہر وقت موجود ہے اور عمل بھی کیا جاسکتا ہے،سوشل میڈیا یورپ اور چین میں بھی ریگولیٹ ہو رہا ہے یہاں بھی ہونا چاہیے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہر جگہ سوشل میڈیا کو مانیٹر کیا جاتا ہے، ہمارے ہاں سوشل میڈیا پر لوگوں کو بغاوت پر اکسایا جاتا ہے۔ا نہوںنے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے خلاف ریاست کو پوری طاقت سے حملہ کرنا ہو گا، منشیات کی سزا سعودی عرب میں سر قلم کرنا ہے آج بھی لوگ منشیات لے کر جاتے ہیں، متعلقہ اداروں کو انسانی سمگلنگ روکنے سے متعلق بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آرہی الیکشن وقت پر ہوں گے، نواز شریف کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہوئی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل اور قید کیا گیا۔وزیردفاع نے کہا کہ پانامہ کیس میں 4 سو سے زائد پاکستانیوں کا نام تھا، نواز شریف کا نام بھی نہیں تھا ان پر کیس چلایا گیا، ان کو جھوٹے کیس میں نااہل کیا گیا، پہلے اس کا سدباب ہونا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن